1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:58
ایسٹر پیغام:پوپ بینیڈکٹ کی لیبیا میں جنگ بند کرنے کی اپیل
اے آر وائی - ویٹی کن سٹی : مقبوضہ بیت المقدس سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عیسائی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کی تقریبات جاری، پوپ بینیڈکٹ نے ایسٹر پیغام میں لیبیا میں لڑائی بند کرنے اور مشرق وسطیٰ میں امن کی اپیل کی ہے۔
ایسٹر کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس میں عیسائیوں کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ جس میں کیتھولک، آرتھوڈکس فرقوں کے لوگوں نے ملکر عبادت کی۔ اس کے علاوہ عراق، اردن اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں اتوار کے اجتماع اور دعائیہ تقریبات ہوئیں۔ ادھر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ نے ویٹی سٹی سے جاری اپنے ایسٹر پیغام میں عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ تنازعات کو جنگ کے ذریعے حل کرنے کے بجائے سفارتکاری کا طریقہ اختیار کریں۔ سینٹ پیٹرس چرچ میں ایسٹر ماس سے خطاب میں پوپ نے مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر ممالک میں امن کیلئے دعا مانگی۔ اس کے
علاوہ فرانس، جرمنی، امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایسٹر کے موقعے پر اجتماع اور دعائیہ تقریبات ہوئی۔