1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:1
ممبئی حملوں میں معاونت،امریکہ میں4پاکستانیوں پرفرد جرم عائد
اے آر وائی - شکاگو : امریکہ کی عدالت نے ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں معاونت پر 4 پاکستانیوں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے تمام افراد کے نام ظاہر کردیئے ہیں، گرفتار تمام افراد کا تعلق امریکہ میں دہشت گرد قرار دی گئی پاکستانی کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے بتایا جاتا ہے۔ شکاگو کی عدالت نے چاروں پاکستانیوں پر ممبئی حملوں کی سازش کرنے والے امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلے اور پاکستانی نژاد بزنس مین تہور حسین کو مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں ساجد میر، ابو قحافہ، مظہر اقبال اور میجر اقبال شامل ہیں،
ان تمام افراد کا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا جاتا ہے جو کہ اب امریکہ کی قید میں ہیں۔ ڈیوڈ ہیڈلے اور تہور رانا ممبئی حملوں کیلئے ہدف کی نشاندہی کرنے پر پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں۔امریکہ سے اے آر وائی کے نمائندے کے مطابق مظہر اقبال پر ممبئی حملوں کی سازش کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ ساجد میر، ڈیوڈ ہیڈلے اور تہور حسین پر گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ڈینش اخبار پر حملے کی منصوبہ بندی کا بھی الزام ہے، ہدف کی نشاندہی اور مہلک حملوں کے الزام میں ڈیوڈ ہیڈلے کو مارچ 2010 میں مجرم قرار دیا جاچکا ہے، ہیڈلے کو تحقیقات کیلئے کئی بار بھارت اور ڈنمارک بھی لے جایا جاچکا ہے، تہور رانا کو 2009ء میں گرفتار کیا گیا تھا اور امریکی عدالت میں ان کے کیس کی سماعت 18 مئی کو ہونی ہے۔