1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:8
جاپان:گیارہ مارچ کے زلزلے اور سونامی سے تباہی کی نئی فوٹیج
اے آر وائی - ٹوکیو : جاپان میں گیارہ مارچ کے زلزلے کے بعد سونامی سے ہونے والی تباہی کے نئے مناظر جاری کئے گئے۔ ان فوٹیجز میں سینڈائی ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں کے افسوسناک مناظر دکھائےگئے ہیں۔
کوسٹ گارڈز کی جانب سے جاری کئے گئے فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایئرپورٹ، رن وے، شاہرایں، سیکڑوں گاڑیاں اور طیارے سونامی میں بہہ گئے۔ ایک اور فوٹیج صنعتی شہر کیماشی کی ہے۔ جہاں ایک عمارت سونامی کے ساتھ بہہ کر آنے والی کشتی کے ٹکرانے سے منہدم ہوئی۔
میاگی شہر کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جہاں سونامی کے نتیجے میں دوہزار افراد لقمہ اجل بنے۔ ریکٹر اسکیل پر نو کی شدت سے آنے والے زلزلے اور سونامی نے جاپان کو جنگ عظیم دوم کے بعدشدید نقصان سے دوچارکیا ہے۔جہاں چودہ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور بارہ ہزار کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ افراد شیلٹر ہاؤس میں رہنے پر مجبور ہیں ۔