1 مئی 2011
وقت اشاعت: 10:12
یمن: فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں،چار افراد ہلاک
اے آر وائی - عدن : یمن میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ عدن میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپ کے دوران چار افراد ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب صدر عبداللہ صالح نے انتقال اقتدار کے معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق عدن میں ہزاروں افراد صدر علی عبداللہ صالح کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو مظاہرین ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔ جبکہ جھڑپوں کے دوران دو سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب صدر علی عبداللہ صالح نے خلیج تعاون کونسل کی جانب سے مصالحتی معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا ہے۔