1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:44
اسامہ کے سرکی انعامی رقم کسی کو نہیں ملے گی، امریکی حکام
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکی حکام کا کہناہے کہ اسامہ بن لادن کے سرکی مقر کردہ انعامی رقم کسی شخص کو بھی نہیں ملے گی۔ امریکہ نے اسامہ کے سرکی قیمت پچیس ملین ڈالر مقرر کر رکھی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسامہ کی ہلاکت کیلئے کیا گیا آپریشن الیکٹرانک انٹلیجنس کے نتیجے میں کیا گیا اور اس کیلئے کسی شخص نے معلومات نہیں دیں۔
دوسری جانب غیرملکی میڈیا کے مطابق اسامہ بن لادن کے پیغام رساں کی دو غلطیوں نے امریکی ایجنسیوں کو القاعدہ سربراہ تک پہنچنے میں مدد دی۔ دوہزار نو میں پاکستانی اداروں کی جانب سے دیئے گئے موبائل فون نمبر کو امریکی انٹیلی ایجنسیوں نے اسامہ کے پیغام رساں الکویتی کے نمبر سے شناخت کیا۔ الکویتی عام طور پر سم کو اسامہ کمپاؤنڈ سے نوے منٹ کی ڈرائیو کے بعد کسی دوسرے شہر میں جاکر استعمال کرتا تھا لیکن دوہزار دس میں اس نے ایبٹ آباد میں کمپاؤنڈ کے قریب سے ہی اسے استعمال کیا۔ امریکی ایجنسیوں نے الکویتی کے مقام کو ٹریس کیا۔جس کے بعدانہیں اسٹیلتھ ڈرونز اور سٹیلائٹ کے ذریعے اسامہ کمپاؤنڈ کو ڈھونڈنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔