1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:44
صدر اوباما نے فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کردی
اے آر وائی - واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے انیس سو سڑسٹھ کے معاہدے کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیل کی حد بندی کی حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر نے واشنگٹن میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکا ملک انیس سڑسٹھ کے سرحدی معاہدے کے مطابق، آزاد فلسطینی کے قیام اور اسرائیلی ریاست کی حمایت جاری رکھے گا۔ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے فلسطین اسرائیل تنازعہ کا دو ریاستی حل ضروری ہے تاہم اسرائیلی اور فلسطینی عوام امن کی خاطر خود اقدامات کریں ۔
دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا انیس سو سڑسٹھ کے معاہدے پر عمل سے متعلق موقف اسرائیل کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔نتن یاہو نے امریکا روانگی سے پہلے بیان میں کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے وجود کی قیمت پر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اوباما کے وژن کی بنیاد پر فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کو غیر محفوظ بنا دے گا۔
دوسری طرف ادھر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے صدر اوباما کی کوششوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ مصر نے بھی امریکی صدر کے خطاب کا خیرمقدم کیا ہے۔