1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:47
القاعدہ کی لندن پر حملوں کی دھمکی
اے آر وائی - لندن : القاعدہ کے نئے عبوری سربراہ سیف العدل نے اسامہ بن لادن کی موت کا بدلہ لینے کیلئے لندن پر حملوں کی دھمکی دے دی۔ صورتحال کے پیش نظر برطانوی پولیس کو مسلح کردیا گیا۔
طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بتایا کہ القاعدہ کے نئے سربراہ نے لندن حملوں کے حوالے سے وسیع منصوبہ کا حکم دیا ہے۔ ان کو یقین ہے کہ برطانیہ یورپ کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کو کچلنا ہوگا۔ دوسری جانب برطانوی پولیس نے دھمکی کے پیش نظر سیکورٹی سخت کردی ہے۔
لندن میں پولیس کو ٹرینوں، ریلوے اسٹیشنز اور زیر زمین ٹیوب میں ہتھیار لے کر داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ یہ اطلاعات انہیں ایبٹ آباد آپریشن کے دوران اسامہ کے کمپاونڈ سے ملنے والی دستاویزات سے حاصل ہوئیں جو برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کو فراہم کردی گئی ہیں۔