4 جون 2011
وقت اشاعت: 5:42
تکریت: مسجد اور اسپتال میں دھماکے،21 ہلاک،70 زخمی
اے آر وائی - تکریت : عراق کے شہر تکریت میں مسجد میں دھماکے اور زخمیوں پر اسپتال میں خودکش حملے کے نتیجے میں اکیس افراد ہلاک جبکہ ستر سے زائد زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق پہلا دھماکہ تکریت کی مسجد میں نماز کے وقت کیا گیا جس کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور اکسٹھ زخمی ہوگئے،زخمیوں میں صوبائی کونسل کے دو ارکان بھی شامل ہیں ۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران دوسرا حملہ ہوا جہاں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے میں مزید چھ افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دھماکے میں نشانہ بنائی جانے والی مسجد صدام حسین کے دور حکومت میں بنائی گئی تھی ۔دھماکے کے بعدعراق کے سابق صدرصدام حسین کے شہر تکریت کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔