4 جون 2011
وقت اشاعت: 7:20
امریکا ایشیا میں اثرورسوخ کم نہیں ہونے دے گا، رابرٹ گیٹس
اے آر وائی - سنگا پور : امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ امریکا جنوب مشرقی ایشیا میں اپنا کردار کم نہیں ہونے دے گا۔افغانستان کے موجودہ حالات میں طالبان کے لئے افغانستان کی سیاست کا حصہ بننے کا بہترین موقع ہے۔ سنگاپور میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ افغان امن معاہدے کے لئے امریکا اور اتحادیوں کو طالبان پر دباؤ قائم رکھنا ہوگا۔ موجودہ صورتحال میں طالبان کے لئے افغانستان کی سیاست کا حصہ بننےکا بہترین موقع ہے۔ تاہم اس کے لئے انہیں ہتھیار ڈال کر مزاحمتی قوتوں کا ساتھ چھوڑنا ہوگا۔
اس موقع پررابرٹ گیٹس نے ایشیائی اتحادیوں کو یقین دلایا کہ امریکا چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے پیش نظر خطے میں اپنے اثرورسوخ میں کمی نہیں کرے گا۔رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں کمی جنوب مشرقی ایشیا میں امریکی کردار پر اثر انداز نہیں ہوگی۔ایشیا میں امریکی تنصیبات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔