27 فروری 2014
وقت اشاعت: 6:16
بھارت :ریاست گجرات کامتنازع نصابی کتب واپس لینے سے انکار
جیو نیوز - گجرات… بھارتی ریاست گجرات کے نصابی کتب کے بورڈ نے انگلش میڈیم اسکولوں میں پڑھائی جانے والی اْس کتاب کو واپس لینے سے انکار کر دیا ہے جس میں بچوں کو پڑھایا جاتا ہے کہ تقسیم ہندکے بعد بننے والے پڑوسی ملک کا نام ’اسلامک اسلام آباد‘ ہے اور اس کا دارالخلافہ ’خیبر گھات‘ ہے۔بھارت کے ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق گجرات کے انگلش میڈیم اسکولوں میں معاشرتی علوم کی جو کتاب پڑھائی جاتی ہے اس میں لکھا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں جاپان نے امریکا پر ایٹم بم گرائے۔ گجرات اسٹیٹ بورڈ فار اسکول ٹیکسٹ نے اس کتاب کو واپس لینے سے انکار کر دیا ہے۔ بورڈ کے اہلکار نے اخبار کو بتایا ہے کہ انھوں نے دو رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ پر اس کتاب کا اغلاط نامہ جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان نصابی کتابوں کو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کتابوں میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، صرف ترجمے کے غلطیاں ہیں۔گجرات بورڈ کی آٹھویں کلاس کی کتاب میں مہاتما گاندھی کی تاریخ وفات غلط ہے۔ کتاب کے مطابق ’ہوم رول‘ تحریکِ آزادی کے بعد 1961 میں شروع ہوئی تھی ،جبکہ یہ تحریک بھارت کی آزادی سے بہت پہلے 1916 میں شروع ہوئی تھی۔اسی کتاب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسکو کا مکمل نام ’یونائیٹڈ نیشنز ایجوکیشنل سوسائٹی اینڈ چلڈرن آرگنائزیشن ہے‘ جبکہ یہ چلڈرن نہیں کلچرل آرگنائزیشن ہے۔گجرات حکومت پر اسکول کی کتابوں کے ذریعے سیاست اور فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کے الزام بھی لگے ہیں۔گجرات کے محکمہ تعلیم کی کتابوں میں لاپروائی کی اور بھی کئی مثالیں منظر عام پر آئیں ہیں۔