27 فروری 2014
وقت اشاعت: 20:29
بوہریوں کے نئے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کی کراچی آمد
جیو نیوز - کراچی…داودی بوہرہ جماعت کے نئے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کا کراچی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ بوہری برادری کے افراد سے خطاب میں سیدنا مفضل سیف الدین نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ داودی بوہرہ جماعت کے53ویں روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے بوہری جماعت کے داعی کی حیثیت سے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا۔ ملک بھر سے بڑی تعداد میں بوہری کمیونٹی کے افراد ان کے استقبال کے لیے جمع ہوئے۔ صدر طاہری مسجد میں خطاب کرتے ہوئے سیدنا مفضل سیف الدین نے مسلم امہ کی خوشحالی اورپاکستان میں امن و سلامتی کی خواہش کا اظہار کیا۔ بوہری جماعت کے نئے روحانی پیشوا کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں عقیدت مند بے قرار نظر آئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے بوہری برادری کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کے استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے اتحاد بین المسلمین کے پیغام کے ساتھ پاکستان میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی پر زور دیا۔