تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 فروری 2014
وقت اشاعت: 20:29

شمالی وزیرستان میں بڑی فوجی کارروائی ہونے والی ہے، امریکی اخبار

جیو نیوز - واشنگٹن…ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پاکستان شمالی وزیرستان میں بڑی فوجی کارروائی کرنے والی ہے، جس کا آغازکسی بھی وقت کیا جساسکتا ہے۔ امریکی اخبار”واشنگٹن پوسٹ“ کے مطابق ایک پاکستانی حکومتی عہدیدار نے بتایا ہے کہ حکومت نے طالبان کے ساتھ مذکرات کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے باعث شمالی وزیرستان میں بڑی فوجی کارروائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آپریشن کسی بھی دن شروع ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیزکا کہنا ہے کہ فوجی آپشن پر کابینہ کی سطح پر مشاورت اس ہفتے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا عمل پٹری سے اتر گیا ہے اور ریاست کی عملداری علاقے میں ہر صورت قائم کی جائے گی۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی پر امریکی حکام سے بھی بات کی گئی ہے۔ سیکریٹری دفاع آصف یاسین ملک سیکورٹی حکام کے ایک وفد کے ساتھ واشنگٹن میں ہیں، جبکہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برنن نے خاموشی سے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا۔ امریکی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل لایڈ جے آسٹن نے راولپنڈی میں فوجی ہیڈ کوارٹر میں ملاقاتیں کیں۔ تاہم پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکا کو خوش کرنے کیلئے نہیں ہرگز نہیں کیے جا رہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.