تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 فروری 2014
وقت اشاعت: 0:13

عوام کے حقوق کا ہر دور میں تحفظ کیا اور کرتی رہونگی؛ ویمن ایڈی برنیس جانس

جیو نیوز - ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ… امریکی کانگریس کی رکن کانگریس ویمن ایڈی برنیس جانس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بحیثیت رکن کانگریس عوام کے حقوق اور آزادیوں کا ہر دور میں تحفظ کیا ہے اور جب تک وہ کانگریس میں موجود ہیں عوام کے اس حق کا بھرپور تحفظ کرتی رہیں گی، یہ بات انہوں نے مسلم چیمبر آف کامرس DFW کی جانب سے پارک پلازہ میں منعقدہ عشائیہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ میری زندگی کا مقصد اور مشن انسانی حقوق کی سربلندی ہے، اس کیلئے دنیا بھر کے دورے بھی کئے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی ترقی کا راز بھی یہی ہے کہ یہاں پر کھلی آزادی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر نئے آنے والے امیگرینٹ کیلئے یہاں پر جگہ موجود ہوتی ہے اور امریکہ ہر نئے آنے والے کو اپنے اندر سمو لیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امیگرینٹ کمیونٹی نے امریکہ کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جن کو کسی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا، امریکہ جو بھی آتا ہے وہ یہاں پر خواب سجا کر آتا ہے اور بحیثیت رکن کانگریس میرا یہ فرض بنتا ہے کہ میں آپ کے اُن سنہرے خوابوں کو تحفظ فراہم کروں، یہی وجہ ہے کہ میں نے پیٹراٹک ایکٹ ہو یا اس جیسے دیگر آنے والے بل، ان کی میں نے ببانگ دہل مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس کے شہروں DFW میں بزنس کمیونٹی کیلئے بہترین مواقع ہیں اور اس ضمن میں مسلمانوں کا چیمبر دیکھ کر انہیں بے حد خوشی محسوس ہوئی کہ انہوں نے بھی دیگر کمیونٹیز کی طرح اپنا چیمبر قائم کر لیا ہے جس کی اشد ضرورت تھی۔ قبل ازیں رکن کانگریس مارک ویسی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اور ہم سب مل کر اپنے حقوق اور آزادیوں کیلئے کام کرتے ہیں اور میرا یہ کامل یقین ہے کہ جب تک یہ آزادیاں ممکن نہ ہوں تب تک نہ وہ معاشرے اور نہ وہ ملک ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر غلام جہانگڑا اور فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے جان حامد نے بھی خطاب کیا جبکہ چیمبر کی جانب سے امیر علی مکھانی نے تمام حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں مقامی اسکاؤٹ کی جانب سے امریکی قومی ترانہ اور امریکی پرچم لہرانے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ تقریب میں اسٹیٹ سینیٹر روٹس‘ اسٹیٹ کے نمائندے لان برنم‘ کمشنر ڈیلس ٹریسا ڈینئل‘ پولیس چیف لوپے والیداس‘ کرس ول موتھ (جج)‘ ڈی میٹریا بینسن (جج)‘ ڈون ایڈمز (جج)‘ ایلزبتھ فریژیل (جج)‘ ارنیسٹ وائٹ (جج)‘ جینا سلاؤٹر (جج)‘ کیتھے ہبینر (جج)‘ لینا لیویریو (جج)‘ مارٹی لوی (جج)‘ میری براؤن (جج)‘ مائیکل ای ملر (جج)‘ فیلس ایل براؤن (جج)‘ رک میگنس (جج)‘ روب کینس (جج)‘ سوزین اینڈرسن (جج)‘ ٹینا یو کلنٹن (جج)‘ ٹونیا پارکر (جج)‘ ولیم ”بل“ میزر (جج)‘ لارا مارزکا (میئر)‘ ہیلن ویسٹ (اسٹیٹ ریپریزینٹیٹیو)‘ لون برنیم (اسٹیٹ ریپریزینٹیٹیو) اور روئیس ویسٹ (اسٹیٹ سینیٹر) سمیت 40 سے زائد مختلف ججوں اور ریچڈسن کی میئر لورا مسکارا نے اپنے اراکین کونسل کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر آنے والے مہمانوں کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.