2 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:47
ایرانی فوجی صدر بشار الاسد کی حکومت بچانے شام پہنچ گئے
جیو نیوز - دمشق ......سیکڑوں ایرانی فوجی صدر بشار الاسد کی حکومت بچانے کے لئے شام پہنچ گئے ہیں۔ الجزیرہ ٹی و ی کے مطابق صدر بشار الاسد کی حمایت میں سیکڑوں ایرانی فوجی اہم زمینی کارروائی میں شرکت کے لیے شام پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دس روز سے ایرانی زمینی دستے ہتھیاروں سمیت شام پہنچ رہے ہیں اور اہم زمینی کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس مبینہ زمینی کارروائی میں ایرانی دستوں کو لبنانی جماعت حزب اللہ اور عراق کے شیعہ جنگجوؤں کی بھی حمایت حاصل رہے گی۔
منصوبے کے مطابق اس زمینی کارروائی کے دوران روس انہیں فضائی مدد فراہم کرے گا۔فضائی بمباری کے دوسرے روز روس نے آج شامی شہر حمص اور حما میں مختلف مقامات پر حملے کیے۔
روس کے مطابق اس نے داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ مخالفین کے مطابق ان جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن کو امریکا، عرب ممالک اور ترکی کی حمایت حاصل ہے۔