4 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:3
قندوز: مشتبہ امریکی جنگی طیاروں کی اسپتال پر بمباری، 19افراد ہلاک
جیو نیوز - قندوز..........افغانستان کے صوبے قندوز میں مشتبہ طور پر امریکی جنگی طیاروں نے بین الاقوامی اسپتال پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 19افراد ہلاک اور 37زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ حملہ جنگی جرم قرار دیا جاسکتا ہے۔ ادھر پنٹاگون نے بھی واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
قندوز میں طالبان کا قبضہ چھڑانے کے لیے امریکی طیاروں نے فضائی حملہ کیا، جس کا نشانہ بین الاقوامی طبی ادارہ ایم ایس ایف کی عمارت بن گئی۔ حملے کے نتیجے میں عملے کے 9ارکان سمیت 19افراد ہلاک اور37 زخمی ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی طبی ادارے کے 1اہلکار کے مطابق انہوں نے اتحادی فوجوں کو اسپتال کے بارے میں مطلع کردیا تھا لیکن اس کے باوجود امریکی طیارے 30منٹ تک اسپتال پر بم برساتے رہے۔
افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے اسپتال میں پناہ لے رکھی تھی جبکہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بمباری کے وقت اسپتال میں ان کا کوئی بھی جنگجو موجود نہیں تھا۔
امریکی ڈیفنس سیکریٹری ایشٹن کارٹر کا کہنا ہے کہ اسپتال میں طیاروں کی بمباری المناک حادثہ ہے۔ امریکی فوج افغان فوج کی حمایت میں کارروائی کر رہی ہے اور اس المناک حادثے کی افغان حکومت کے ساتھ مل کر مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اتحادی فوج کے امریکی کمانڈر نے بھی اسپتال بمباری پر افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر معذرت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی امریکی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا کہ حملے کو جنگی جرم قرار دیا جاسکتا ہے۔