تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
15 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:22

سعودی عرب میں نئی طرز کے اقاموں کا اجراء شروع

جیو نیوز - جدہ......شاہد نعیم......سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی وہاں مقیم غیرملکیوں کے لئے پرانے طرز کے اقامہ کارڈ زکی بجائے نئے 5سالہ اقامہ کارڈزیا شناختی کارڈز کا اجراء شروع ہوگیا ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان ال یحییٰ کا کہنا ہے کہ یکم محرم 1437سے اس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ مقرر مدت کے بعد اس میں توسیع نہ کرنے کی خبریں غلط ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ تارکین وطن اور ان کے آجروں کے ذہنوں میں ناحق خدشات پیدا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 5سال کے لئے نئے اقامے کا اجرا،آجر کو اس امر کا پابند بنانا ہے کہ وہ اس کی انتہائی مدت 5سال مکمل ہونے کے بعد اپنے اجیر کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرے اور اپنے غیر ملکی کارکن کو مملکت سے رخصت کرنے پر مجبور ہو جائے ،اس طرح کی باتیں غلط ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 5برس کی میعاد ختم ہو جانے کے بعد نیا شناختی کارڈ جاری ہو گا ۔ 5سالہ مدت اس لئے مقرر کی گئی ہے تاکہ ہر سال اقامہ کارڈ پرنٹ کرنے کے جو اخراجات آتے ہیں ا ن میں کمی کی جائے اور دوسرا مقصدیہ ہے کہ آجروں کو ہر سال اقامہ بنوانے کیلئے وزارت داخلہ کے چکر نہ کاٹنے پڑیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شناختی کارڈ گم ہوجانے کی صورت میں نیا کارڈ جاری ہو گا ۔ تلف ہونے کی صورت میں بھی یہی طریقہ اپنایا جائے گا۔

ڈائرکٹر محکمہ پاسپورٹ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریاض میں پہلے ہی سے اقامہ کارڈ دستی طور پر حوالے کرنے کا سلسلہ بند کیا جا چکا ہے اور نجی اداروں و کمپنیوں کے غیر ملکی ملازمین کے اقامے سعودی ڈاک ” واصل “ کے توسط سے حوالے کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اب کفیل سے فرارکی رپورٹ آن لائن ہو گی اور 15روز کے اندر اندر مقیم غیر ملکی کو رپورٹ کے خلاف اعتراض درج کرانے کا حق ہو گا ۔ ہر غیر ملکی کو رپورٹ ایس ایم ایس کے ذریعے موبائل پر دی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.