تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
15 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:22

دنیا انتہائی خوفناک زلزلے کاسامنا کرنے والی ہے، جوہری سائنس دان کا دعویٰ

جیو نیوز - کراچی......رفیق مانگٹ......ایک جوہری سائنسدان نے انتہائی خوفناک زلزلے کے خدشے کا اظہار کیا ہے جو براعظموں کوجدا کردے گا اور اس سے کروڑوں لوگ ہلاک ہو جائیں گے۔

برطانوی اخبار”ایکسپریس“ کے مطابق جوہری سائنسدان نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اور جنوبی امریکا کے براعظم ٹوٹ کے الگ ہوجائیں گے ۔میگا سونامی کے ٹکرانے سے امریکا اور ایشیاء میں 4کروڑ افراد ہلاک ہو جائیں گے۔یہ زلزلہ آنے کے قریب ہے۔ میگا زلزلے کے پیش نظر کل لاکھوں لوگ اس سے بچنے کیلئے ہنگامی ڈرل کریں گے۔ امریکا اور کینیڈا بھر میں لاکھوں لوگ ’’عظیم شیک آوٴٹ‘‘ میں کل حصہ لیں گے۔

یونیورسٹی آف لندن میں جوہری انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر مہران کیشے نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ زلزلہ اس قدر شدید ہوگا کہ صرف امریکا کے مغربی ساحل پر دو کروڑ افراد ہلاک ہوجائیں گے۔

سائنسدان کے اس دعویٰ کوکوئی سائنسی یا سرکاری حمایت حاصل نہیں۔ان کا دعوی ٰ ہے کہ یہ خوفناک سونامی ہفتہ، 17 اکتوبر تک آسکتا ہے۔ شمالی امریکا میں ہنگامی مشقیں شروع کی جارہی ہیں جسے ملک میں طویل عرصے سے زلزلے کی تیاری کے حصہ طور پر لیا جا رہا ہے۔ کیلیفورنیا میں حکام کو 99فی صد یقین ہے کہ آئندہ 30برسوں کے دوران 6عشاریہ 5شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

ایرانی نژاد ڈاکٹر کیشے کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ سے 6 اور 8عشاریہ3 شدت کے زلزلوں کا ایک سلسلہ جاری ہے جو ایک میگا زلزلے کا نقطہ آغاز ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ کل بھی آسکتا ہے یا آئندہ موسم خزاں تک کبھی بھی اس کے آنے کا امکان ہے۔

زلزلے کے مقامات کی جو ویڈیو جاری کی گئی وہ گزشتہ ماہ فلمائی گئی جس میں شمالی اور جنوبی امریکا کے تین مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں 6، چھ عشاریہ نو اور8 عشاریہ 3 کی شدت کا زلزلہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں چین میں بہت زلزلے آئیں گے۔ چین اور جاپان کو بھی بھاری نقصان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔اتنی بڑی تباہی میں بینک نظام کام نہیں کرے گا۔

اس ہفتے ہالینڈ کے زلزلہ کی پیشگوئی کرنے والے فرینک ہوگربیٹس نے کہا تھا کہ 12اکتوبر سے15اکتوبر تک دنیا کے کسی بھی حصے میں 8شدت کا زلزلہ آسکتا ہے تاہم ابھی دنیا ایسے کسی سانحے سے محفوظ ہے۔ ڈاکٹر کیشے کی تنظیم کا دفتر نیدر لینڈ میں ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.