16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 10:36
’حماس ‘بہت پسند ہے ، بھارتی صدر کے بیان پر اسرائیلی وزرا کوجھٹکا
جیو نیوز - کراچی......حافظ محمد نعمان......بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے اسرائیلی وزرا کو حیران و پریشان کردیا۔ جی ہاں! اسرائیلی وزرا کو اس وقت حیرت کا جھٹکا لگا جب بھارتی صدر نے یہ کہا کہ ”مجھے حماس بہت پسند ہے“۔
ہوا کچھ یوں کہ بھارتی صدر پرناب مکھرجی اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسرائیلی وزرا کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران وہ بہت بڑی غلطی کر بیٹھے جب انہوں نے یہ کہا کہ انہیں حماس بہت پسند ہے۔ موقع پر موجود اسرائیلی وزرا کو حیرت کا شدید دھچکا لگا۔
دراصل بھارتی صدر سے یہ غلطی نادانستہ طور پر سرزرد ہوئی۔ وہ کہنا کچھ چاہتے تھے اور کہہ کچھ گئے۔ بھارتی صدر بیسن سے بنی ڈش ”حمس“ کی تعریف کرنا چاہتے تھے مگر اس ڈش کے نام کا تلفظ حماس سے ملتا جلتا ہے جس کے باعث ان کی زبان سے ’حماس‘ نکل گیا۔
بھارتی صدر کے اس لفظ کی اصلاح اس وقت ہوئی جب انہوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وہ اور ان کا ملک ’بھارت‘ بیسن سے بنا ’حمس‘ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔
تو جناب پرناب مکھرجی نے اپنے لفظ کی اصلاح بیسن کا ذکر کرکے کر تو دی، مگر اسرائیلی وزرا کی حالت غیر ضرور کردی خواہ تھوڑی دیر کیلئے ہی سہی۔ واضح رہے کہ ’حمس‘ اسرائیل کی ایک مشہور ڈش ہے اور حماس اسرائیل مخالف تنظیم۔