17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 3:0
مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 2فلسطینی شہید
جیو نیوز - مقبوضہ بیت المقدس ......... اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 2فلسطینی شہید ہو گئے ادھر امریکی صدر اوباما نے پر تشدد واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
ادھر اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے عالمی فورس کی تعیناتی کا فلسطینی مطالبہ مسترد کردیا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین میں یوم غضب منایا گیا جبکہ غزہ کی پٹی ، مقبوضہ مغربی کنارے ، بیت اللحم اور رام اللہ میں اسرائیلی فورسز فلسطینی مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 2فلسطینی جاں بحق اور98سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔
اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان 3ہفتوں سے جاری جھڑپوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر بارک اوباما نے پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ جذباتی بیانات دینے سے گریز کریں۔ انہوں نے بے گناہ لوگوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔