17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:17
اقلیتوں کے حقوق کی پامالی،امریکا نے مودی سرکار کی کلاس لے لی
جیو نیوز - واشنگٹن........بھارت میں رونماہونے والے سانحہ دادری کی گونج امریکا تک جا پہنچی،گائے کا گوشت کھانے کے مسئلے پر حالیہ تلخی ، اقلیتوں کے حقوق کی پامالی اور بعض افسوسناک واقعات پر امریکا نے مودی سرکار کی کلاس لے لی۔
بھارتی وزیر اعظم کی امریکی صدر سے بے تکلفی،براک اوباما سے نریندر مودی کی چاپلوسی،جادو کی جھپی،اور گرم گرم چائے کی پیالی،مودی سرکار کے کچھ کام نہ آئی۔بھارت میں مودی کے دورحکومت میں بڑھتی فرقہ پرستی پرامریکا نے مودی سرکار کو کھری کھری سنا دی۔
گائے کے گوشت کو بیناد بنا کر بے گناہ مسلمانوں کے قتل پر امریکا بھی چیخ پڑا،سانحہ دادری پر امریکا کے مذہبی آزادی سے متعلق امور کے ایک اعلی سفارت کار ڈیوڈ سیپراسٹین نے کہا ہے کہ امریکا نےمودی حکومت سے ملک بھر میں رواداری اور انکساری کے اصولوں کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا ہے۔
اس سے پہلے دو ہزار چار میں عالمی مذہبی آزادی پر جاری کی گئی امریکی محکمہ خارجہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں مذہب سے متاثرہ قتل،گرفتاریاں ،فسادات اور زبردستی تبدیلی مذہب کے واقعات رونما ہوئِے ہیں اوربعض معاملات میں پولیس فرقہ وارانہ تشدد سے موثر طریقے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
وزیر خارجہ جان کیری کی طرف سے جاری اس سالانہ رپورٹ میں محکمہ خارجہ نے کہا کہ کچھ سرکاری اہلکاروں نے اقلیتوں کے خلاف امتیازی بیانات دیئے ہیں۔