17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:17
کرشمہ قدرت کا، 2 عشروں سے لاپتہ بچہ والدین کو مل گیا
جیو نیوز - کراچی......حافظ محمد نعمان......20 سال قبل اغوا ہونے والا چائنیز لڑکا والدین کو مل گیا۔ ”سن وئی“ نامی نوجوان کو چار سال کی عمر میں اس کے اسکول کے سامنے سے اغوا کرکے ایک خاندان کو بیچ دیا گیا تھا جس خاندان کو یہ بچہ بیچا گیا وہ اس کے گھر سے ایک ہزار 4 سو میل کی دوری پر رہائش پذیر تھا۔
مغوی بچے کے والد ”سن ڑنگوا“ نے 20 سال تک اپنے بچے کی تلاش جاری رکھی اور بالآخر باپ کی محنت رنگ لے آئی اور حالات سے نامکمل ہونے والا خاندان قدرت کے کرشمے سے 14 اکتوبر کو مکمل ہوگیا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق چائنیز پولیس کے ڈی این اے ڈیٹا بیس سے اس بات کا یقین ہوگیا کہ 20 سال بعد ملنے والا نوجوان، اسی خاندان کا فرد ہے جسے چار سال کی عمر میں اغوا کیا گیا تھا۔
یہ ستمبر 1995 کی ایک صبح کا واقعہ ہے جب ”سن وئی“ نے ابھی اسکول جانے کی ابتدا کی تھی اور اسکول جنوبی چائنا کے علاقے ”لیان شان“ میں واقع تھا۔ اگرچہ وہ ابھی بچہ ہی تھا مگر اس کے والدین نے اسے اکیلے ہی اسکول جانے کی اجازت دی کیونکہ اسکول گھر سے قریب ہی واقع تھا۔
یہ اجازت والدین کی بہت بڑی غلطی ثابت ہوئی جب وہ واپس گھر نہیں آیاجبکہ بچے کو اسکول میں داخل ہوئے ابھی تین ہی دن ہوئے تھے۔ نامعلوم شخص نے اس بچے کو لیا اور ایک ہزار چار سو میل دور ایک نئے خاندان کو بیچ دیا۔ ”سن وئی“ کا نیا نام رکھ دیا گیا جبکہ اسے ایک نئی تاریخِ پیدائش بھی دے دی گئی۔
نوجوان کا کہنا ہے کہ پڑوس کے تمام لوگ جانتے تھے کہ یہ بچہ اس خاندان کا نہیں پھر بھی اسے نیا نام اور تاریخِ پیدائش دی گئی۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس خاندان کی پہلے ہی ایک بیٹی تھی جبکہ نوجوان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا جاتا تھا۔ نوجوان نے 14 سال کی عمر میں گھر چھوڑا اور خود کفالت کیلئے کام کرنے لگا۔
نوجوان کے والد ”سن ڑنگوا“ نے 8 ماہ کیلئے اپنی بیوی، اپنا گھر اور سسرال کو چھوڑا اور پورے چائنا میں بچے کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔ اس نے کئی تھانوں میں پولیس کو بیان بھی دیا مگر پولیس کوئی مدد نہیں کرسکی کیونکہ اس کے پاس بچے کی تصویر نہیں تھی۔
ایک دن نوجوان اپنے دوستوں کے کہنے پر تھانے گیا اور پولیس کو اپنے بچپن کی کہانی سنا ڈالی کہ کس طرح اسے اغوا کرکے بیچ دیا گیا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر ایک ڈی این اے پروفائل کمیشن بنایا جس کے ذریعے باپ اور بیٹے کے ڈی این اے میچ ہوگئے۔
اکتوبر 14 کے روز ”سن ڑنگوا“ اپنی بیوی کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا جہاں اس کا بیٹا موجود تھا۔ ایک عجیب منظر تھا پولیس اسٹیشن میں کہ باپ نے 20 سال پہلے اغوا ہوجانے والے اپنے بچے کو اپنے سینے سے دبوچ لیا اور تھانے میں ا?ہوں اور سسکیوں کا ایک جذباتی منظر تھا۔