17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:20
سعودی عرب؛ مردوں پر خواتین کے ملبوسات تیار کرنے پر پابندی
جیو نیوز - جدہ… شاہد نعیم… سعودی عرب میں خواتین کی ٹیلرنگ شاپ پر اب مرد ٹیلرز یا درزیوں کے کام پرپابندی لگا دی گئی ہے۔ یعنی اب مرد خواتین کے ملبوسات تیار نہیں کرسکیں گے ۔
سعودی وزارت محنت نے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے فوری طور پر خواتین ٹیلرنگ شاپس کیلئے مرد ٹیلرز کو ویزے جاری کرنے کا سلسلہ بند کر دیا ہے جبکہ مردوں کی ملازمت کو خواتین کے ملبوسات تیار کرنے والی دکانوں پر منتقل کرنے کا عمل بھی روک دیا ہے۔
متعلقہ حکومتی اداروں نے خواتین ٹیلرنگ شاپس کھولنے کے خواہاں افراد کو مطلع کردیا ہے کہ انھیں اب اپنی دکانوں پر سلائی کڑھائی کے کام کے لیے مرد وں کو ملازم رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سعودی وزارت محنت کے ایک اعلیٰ عہدیدار عبدالمنعم الشہری کے مطابق قانون پر عمل درآمد کی نگرانی کے لئے خواتین ٹیلرنگ شاپس پر چھاپے مارے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ملبوسات کی سلائی و کڑھائی کا کام صرف سعودی خواتین کیلئے مختص ہوگا۔ غیر سعودی خواتین کو اس کام کی اجازت نہیں ہوگی۔ مردوں کو بھی ملازم رکھنے سے منع کردیاگیاہے۔