تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 12:59

ادیب اپنے ایوارڈ واپس لیں، ساہتیہ اکیڈمی نے کلبرگی کے قتل کی مذمت کر دی

جیو نیوز - کراچی ...فاضل جمیلی...بھارت کے سب سے بڑے ادبی ادارے ساہتیہ اکیڈمی نے ادیبوں سے درخواست کی ہے وہ اپنے ایوارڈز واپس کرنے کا اعلان واپس لیںاور جو ادیب اکیڈمی کے عہدے سے مستعفی ہوئے وہ بھی اپنے استعفے واپس لیں۔

اکیڈمی نے جمعہ کو ہونے والے اپنے ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کردہ قراردادمیں کنٹرا زبان کے ادیب پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قتل کی مذمت کی ہے اور مرکزی اور کناٹکا حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مناسب کارروائی کریں،اکیڈمی نے بھارت میں اقلیتوں اور دلتوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں ساہتیہ اکیڈمی کے ترجمان کے ناچی موتھونے بتایا کہ ہم نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ جن ادیبوں نے احتجاجاٰ اپنے ایوارڈ واپس کر دیے تھے وہ اپنا اعلان واپس لیں اور جو مستعفی ہو گئے تھے وہ بھی اپنے کام پر واپس آ جائیں۔

اکیڈمی کی جانب سے منظور کی جانے والی قرارداد کاان ادیبوں کی جانب سے خیرمقدم کیے جانے کا امکان ہے، جنہوں نے پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قتل اور دادری میں ایک مسلمان کو گائے کا گوشت کھانے کی افواہ پر ہلاک کیے جانے کے خلاف اپنے اکیڈمی ایوارڈ واپس کر دیے تھے۔

اکیڈمی کے اجلاس سے قبل 100سے زیادہ ادیبوں نے بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھ کر سینٹرل دہلی سے اکیڈمی کی عمارت تک احتجاجی مارچ کیا تھا۔اس دوران اسی مقام پر دائیں بازو کے کچھ ادیب اور فنکار بھی جمع ہو گئے تھے لیکن آپس میں ٹکرائو نہیں ہوا۔قبل ازیں منگل کے روز دہلی پریس کلب میں ادیبوں کا ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں آئندہ کی حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.