23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:36
برطانیہ: بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس
جیو نیوز - لندن.......برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے یہ معاملہ بھارتی وزیراعظم مودی کے سامنے اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق تحریک کا آغاز لیبر پارٹی کے رکن جم کننگھم Cunningham نے جولائی میں کیا تھا۔ برطانوی دارالعوام کے 40 ارکان نے تحریک پر دست خط کردیےہیں ۔ لیبر لیڈر جیریمی کاربین اور ایس این پی کے ایلکس سالمنڈ بھی تحریک کے حامی ہیں ۔
تحریک میں وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھارتی وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں ۔ نریندر مودی کو آئندہ ماہ برطانیہ کا دورہ کرنا ہے۔ تحریک میں بھارتی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور گرین پیس کی بھارتی کارکن پریا پلئی کے برطانیہ آنے پر پابندی کی مذمت کی گئی ہے۔
تحریک میں دستاویزی فلم انڈیاز ڈاٹر کی بھارت میں نمائش پر پابندی اور برطانیہ میں یہ فلم دکھانے سے روکنے کی بھارتی حکام کی کوششوں پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔