26 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 20:19
الخلیل :اسرائیلی فائرنگسے کم سن فلسطینی طالبہ شہید
جیو نیوز - الخلیل........مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب گزشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے بدترین درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک فلسطینی طالبہ کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے حرم ابراہیمی کے قریب سے گذرنے والی اسکول کی ایک پر اندھا دھند گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں کم سن بچی کے جسم میں سات گولیاں لگیں۔اور وہ موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد مقامی شہری تڑپتی بچی کو بچانے کے لیے دوڑے مگر درندہ صفت یہودی فوجیوں نے نہ تو فلسطینیوں کو بچی کے قریب پہنچنے دیا اور نہ ہی کسی ایمبولینس کو وہاں جانے کی اجازت دی گئی۔ گولیاں لگنے سے طالبہ کا بستہ اور کتابیں بھی پھٹ گئیں اور وہ سب زمین پر اس کے لہو سے لت پت ہوگئے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مسجد ابراہیمی کے ایک دروازے کے قریب فلسطینی طالبہ کو روکا، اس نے اپنا بستہ کمر پراٹھا رکھا تھا۔ ایک فوجی نے اس کے پائوں میں گولی ماری، بچی جب گری دو دو فوجیوں نے اسے مزید لگا تار چھ گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگئی۔