26 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 20:59
شیخ عکرمہ نےمسجد اقصیٰ میں کیمروں کی تنصیب کی مخالفت کر دی
جیو نیوز - مقبوضہ بیت المقدس........ مسجد اقصی کے امام و خطیب اور ممتاز عالم دین علامہ الشیخ عکرمہ صبری نے مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی میں کیمرے نصب کرنے کی امریکا اور اسرائیلی تجویز مسترد کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو قبلہ اول کے انتظامی معاملات میں شامل کر کے ایک سازش کی گئی ہے تاکہ اگلے مرحلے میں مسجد اقصی کی تقسیم کی راہ ہموار کی جا سکے۔ نتائج کے اعتبار سے یہ ایک انتہائی خطرناک فیصلہ ہے جسے کسی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا ہے۔
اپنے ایک بیان میںڈاکٹر عکرمہ صبری نے کہا کہ اردن میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی موجودگی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے قبلہ اول اور حرم قدسی میں جگہ جگہ خفیہ کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کی تجویز دی۔
امریکا کی جانب سے اس تجویز کوقبول کرلیا گیا۔ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت کی جانب سے اس متنازع تجویز پر خاموشی معنی خیز ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل مل کر قبلہ اول کی تقسیم کی سازشیں کررہے ہیں۔
فلسطینی قوم صہیونیوں کو اپنے مقدس مقام میں کیمرے نصب کرکے اس کی بے حرمتی کی قطعا اجازت نہیں دیں گے۔ مسجد اقصی کے اندر کیمرے نصب کرنا قبلہ اول کی سرعام بے حرمتی کے مترادف ہے۔ خفیہ کیمروں کی تنصیب اور بعد ازاں ان کی دیکھ بحال کی آڑ میں صہیونی فوجیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے اور مسجد کی بے حرمتی کا حق دیا گیا ہے۔