تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 0:20

افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 63 ہوگئی

جیو نیوز - کابل......افغانستان ، چین، تاجکستان ،بھارت اورمقبوضہ کشمیرمیں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ افغانستان میں اموات کی تعداد 63ہوگئی، 272افراد زخمی ہیں، ڈیڑھ ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی 2افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے ۔

کوہ ہندوکش کی گہرائی سے نکلنے والی زلزلے کی لہریں پاکستان، افغانستان سے ہوتی مقبوضہ کشمیر، بھارت، چین اور تاجکستان تک کو لرزا گئیں ، افغانستان میں 7اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے سے کابل سمیت بدخشاں، تخار، ننگرہار، کنڑ اور دیگرعلاقے شدید متاثر ہوئے ۔

صوبہ تخار میں اسکول کی عمارت زمیں بوس ہونے اوربھگدڑمچنے سے 12 طالبات جاں بحق ہوئیں، مقبوضہ کشمیرمیں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے تاریخی قلعے سمیت کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

زلزلے سے چین کے خطے زنجیانگ کے کئی علاقے، بھارت کے شمالی علاقے ہماچل پردیش، بھارتی پنجاب ،ہریانہ اور تاجکستان کا دارالحکومت دوشنبے بھی لرز اٹھے اور لوگ خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.