9 مئی 2016
وقت اشاعت: 5:54
میانمار میں آنگ سان سوچی صدر نہیں بنیں گی
جیو نیوز - کراچی....جنگ ویب ڈیسک.....میانمار میں صدارتی انتخابات کےلیے نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے اپنے جن امیدواروں کو نامزد کیا ہے اس میں پارٹی کی سربراہ آنگ سان سو چی کا نام شامل نہیں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پارٹی نے ہیٹن کیوا کو ایوان زیریں کے لیے نامزد کیا ہے جو آنگ سان سو چی کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ ہینری وان نامی چن نسل کے ایک دوسرے رکن پارلیمان کو پارٹی نے ایوان بالا کے لیے نامزد کیا ہے۔
ان دو افراد کی نامزدگی سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ پارٹی کی سربراہ آنگ سان سوچی ملک کی صدر نہیں ہوں گی۔سو چی نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہوتی ہیں تو ان کی حیثیت ’صدر سے بالا تر ہوگی۔
دونوں ایوانوں میں کامیاب ہونے والے دو نمائندے صدر کے انتخاب کے لیے دوبارہ ووٹ ڈالیں گے۔ اس مقابلے میں فوج کی جانب سے نامزد کیا گیا امید وار بھی انتخاب میں شامل رہے گا۔دو ہارنے والے امید وار نائب صدر کے عہدے کے لیے مقرر کیے جائیں گے۔
میانمار کے آئین کے تحت آنگ سوچی ملک کی صدر نہیں بن سکتیں کیونکہ آئین میں درج ہے کہ غیر ملکی بچوں کے والدین ملک کے صدر کا عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔ آنگ سو چی کے شوہر برطانوی شہریت کے حامل تھے اور ان کے بچے بھی برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔