9 مئی 2016
وقت اشاعت: 15:34
داعش کمانڈر ابو عمر الشیشانی فضائی حملے میں ہلاک نہیں ہوئے
جیو نیوز - بیروت......... شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ماہ شمال مشرقی شام میں امریکی فضائی کارروائی کے دوران شدت پسند تنظیم داعش کے اہم کمانڈر ابو عمر الشیشانی ہلاک نہیں شدید زخمی ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ اس کے ذرائع کے مطابق شام کے قصبے الشدادی کے قریب 4 مارچ کو ہونے والی کارروائی میں شدت پسندوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں الشیشانی کا باڈی گارڈ ہلاک جبکہ وہ خود شدید زخمی ہوگئے۔
گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبد الرحمن نے اے ایف پی کوبتایا کہ ابو عمر الشیشانی ہلاک نہیں ہوئے، انکا صوبہ رقہ کے ایک ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا یورپ سے تعلق رکھنے والے ایک جہادی ڈاکٹر نے علاج کیا،گذشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق امریکا نے الشیشانی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی تاہم ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دیگر 12 جنگجوں کے ساتھ الشیشانی کی بھی ہلاکت کا امکان ظاہر کیا تھا۔
ابو عمر الشیشانی، امریکا کو مطلوب عسکریت پسندوں کی فہرست میں شامل ہیں، جن کی اطلاع دینے پر 5 ملین ڈالر رقم کی پیشکش کی جاچکی ہے۔وہ روس میں بھی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔کہا جاتا ہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی، الشیشانی پر کافی بھروسہ کرتے ہیں۔