9 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:30
ایران لاپتہ ایف بی آئی ایجنٹ کی تلاش میں مدد کرے،امریکا
جیو نیوز - واشنگٹن........... وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایران 2007ء میں لاپتہ ہونے والے ایف بی آئی کے ایجنٹ، رابرٹ لیونسن کا کھوج لگانے میں امریکی حکام کی مدد کرے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے وعدے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ایرانی وعدے کا بھرم رکھیں گے۔بقول ترجمان اْن کے تعاون کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ آخری بار مسٹر لیونسن کو ایران میں ہی دیکھا گیا تھا اِس لیے ہمارے ذہن میں واضح سوالات ہیں اور ہم ایرانیوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ اْن کے بارے میں کیا کچھ جانتے ہیں اور اس وقت وہ کہاں ہیں۔
ارنسٹ نے کہا کہ اْن کے پاس ایرانیوں سے کی جانے والی بات چیت بارے زیادہ اطلاعات نہیں ہیں لیکن ایف بی آئی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ہونے والا تعاون حوصلہ بخش ہے۔وزیر خارجہ جان کیری اور دیگر اعلیٰ امریکی اہل کاروں نے اِس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ایف بی آئی کے سابق ایجنٹ، رابرٹ لیونسن کو تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔
جوش ارنسٹ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ لیونسن کی تلاش امریکی حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے۔امریکا نے لیونسن کے بارے میں اطلاع پر 50 لاکھ ڈالر کے انعام کی پیش کش کی ہے۔ تاہم2007 سے اْن کا لاپتہ ہونا یا زیر حراست ہونا ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ اس سے قبل ایران نے کہا تھا کہ اْن کے سلامتی کے اداروں نے اْنھیں حراست میں لے رکھا ہے۔