9 مئی 2016
وقت اشاعت: 20:24
شورہیم ایئر شو میں گرنے والے طیارے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
جیو نیوز - لندن......برطانوی حکام نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال شورہیم کے ہوائی اڈے پر منعقدہ ایئر شو کے منتظمین کریش ہونے والے طیارے کے پائلٹ کے ڈسپلے منصوبے سے لاعلم تھے، اس حادثے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
گزشتہ سال اگست میں جنوبی انگلینڈ کے ساحلی شہر برائٹن کے نزدیک شورہیم کے ہوائی اڈے پر رائل ایئر فورس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام روایتی ایئر شو منعقد ہوا۔ جدید طیاروں کے ساتھ ساتھ اس میں ونٹیج جیٹ طیارے بھی شامل تھے جن میں سے 1959 کا ہاکر ہنٹر طیارہ اینڈی ہل نامی پائلٹ اڑا رہے تھے۔
اچانک زمین کی جانب غوطہ لگانے کے بعد طیارہ واپس بلندی پر جانے کے بجائے مصروف ٹریفک والی ایک شاہراہ پر گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ سب اتنی اچانک ہوا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ طیارہ گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں اور 11 افراد ہلاک ہوئے۔
حادثے کی تحقیقات کرنے والے ادارے اے اے آئی بی کی رپورٹ کے مطابق طیارے کو شہری علاقوں پر پرواز کرنے کی اجازت نہیں تھی تاہم پائلٹ کو یہ بات نہیں بتائی گئی تھی اور منتظمین کو پائلٹ کے ڈسپلے منصوبے کا علم نہیں تھا۔ رپورٹ میں طیارہ گرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اب برطانیہ میں ایئرشو کے لیے قواعد و ضوابط مزید سخت کردیے جائیں گے۔