11 مئی 2016
وقت اشاعت: 1:40
مسلمانوں کی اکثریت امریکا سے نفرت کرتی ہے،ٹرمپ
جیو نیوز - نیویارک.......... امریکی صدارتی انتخابات کے امیدواروں کی دوڑ میں شامل ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمِ اسلام کی اکثریت امریکا سے سخت نفرت کرتی ہے،متنازع بیان پر امریکی مسلم تنظیموں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے معافی کا مطالبہ کردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثے کے حوالے سے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ اسلام ہم سے نفرت کرتا ہے۔میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ دنیا بھر کے ایک ارب 60 کروڑ مسلمان امریکا سے نفرت کرتے ہیں؟ جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ اس سے میری مراد عالمِ اسلام کی غالب اکثریت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ صرف شدت پسند امریکا سے نفرت کرتے ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ حقیقت سے آگاہ نہیں ہیں کہ عالمِ اسلام کی اکثریت امریکا سے سخت نفرت کرتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کے ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ مسلمانوں میں امریکا کے خلاف سخت نفرت پائی جاتی ہے۔
اس سے قبل انہوں نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کو اس طرح کے بیانات پر نہ صرف دنیا بھر کے بلکہ امریکا کے سیاسی رہنماں کی جانب سے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پوپ فرانسس ڈونلڈ ٹرمپ کو عیسائیت سے خارج بھی قرار دے چکے ہیں۔