تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
11 مئی 2016
وقت اشاعت: 1:56

ایپل کا امریکی محکمہ انصاف پرکمپنی کو بدنام کرنے کا الزام

جیو نیوز - نیویارک......... آئی فون بنانے والی امریکی کمپنی ایپل نے امریکی محکمہ انصاف پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کردار کشی اور اپنے بے بنیاد دعوئوں سے کمپنی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف اور کمپنی کے درمیان تنازع اس بات پر ہے کہ وہ سان برنارڈینو کے حملہ آور کے آئی فون کے ڈیٹا تک رسائی کے لیے ایپل سے فون کھولنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

محکمہ انصاف نے عدالت کو بتایا ہے کہ ایپل کا موقف ایف بی آئی کی تفتیش پر ایک طرح سے حملہ ہے اور وہ اپنے آپ کو اس طرح سے پیش کرنا چاہتے ہیں جیسے وہی امریکیوں کی نجی زندگی کے سرپرست ہوں۔ایپل کے جنرل کونسل بروس سیویل نے اس کے رد عمل میں بتایا کہ بیان کا لہجہ تو ایسا تھا جیسے قصوروار ٹھرایا جا رہا ہو۔

انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جیسے محکمہ انصاف سے اتفاق نہ رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ برے اور امریکا کے مخالف ہیں، اس سے بڑا جھوٹ کیا ہوسکتا ہے۔

محکمہ انصاف کی جانب سے ایپل کی آئی فون کی سکیورٹی کے متعلق چینی حکومت کی مدد کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت میں ایف بی آئی کا یہ نیا موقف بہت ہی کمزور ذرائع پر مبنی ایسی اطلاعات ہیں جس کا مقصد غلط طریقے سے اس بات کو پیش کرنا ہے کہ ایپل نے آئی فون کے صارفین کی سکیورٹی کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہوئے چینی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.