11 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:16
احمد ابوالغیط عرب لیگ کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب
جیو نیوز - قاہرہ........عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے مصر کے سینئر سفارت کار احمد ابوالغیط کو تنظیم کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔
وہ مصر ہی سے تعلق رکھنے والے نبیل العربی کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بائیس رکن ممالک پر مشتمل عرب لیگ کا ہیڈکوارٹر قاہرہ میں ہے،اس لیے روایت کے تحت مصر سے تعلق رکھنے والے کسی سفارتی عہدے دار ہی کو تنظیم کا سیکریٹری جنرل بنایا جاتا ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے قاہرہ میں تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد احمد ابوالغیط کو سیکریٹری جنرل بنانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ یکم جولائی کو پانچ سال کی مدت کے لیے اس عہدے پر فائز ہوں گے۔سفارت کاروں کے مطابق قطر اور سوڈان نے پہلے ابوالغیط کے انتخاب کی مخالفت کی تھی لیکن مصر اور سعودی عرب ان کے لیے مہم چلاتے رہے تھے۔