16 مئی 2016
وقت اشاعت: 10:42
2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی، عابد شیر علی
جیو نیوز - پشاور ......ایک طرف پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف کہہ رہے ہیں کہ ان کی عزت واپڈا ملازمین کے ہاتھ میں ہے، تو دوسری طرف پانی و بجلی کے وزیرمملکت عابد شیر علی دعویٰ کررہے ہیں کہ 2018 تک لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی ۔
وزیرمملکت عابدشیر علی نےملک بھر سےمارچ 2018تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا ۔ جی ہاں انہوں نے یہ دعویٰ پشاور میں کیا۔ اب کوئی مانے یا نہ مانے اس کی مرضی، ساتھ یہ نوید بھی سنائی کہ اس سال بجلی کی پیداوار اٹھارہ ہزار میگاواٹ کی رکارڈ سطح تک پہنچنے والی ہے۔
کوئلے اور ایل این جی کے پاورپراجیکٹس پرکام جاری ہے ۔دس سے بارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیداکرنےکا مارچ 2018کاہدف مقررہے۔عابدشیرعلی نےکہاکہ وفاقی حکومت الجھائوکی بجائے سلجھائو کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، یہی وجہ ہے کہ آئندہ دو روز میں خیبرپختونخوا کے پارلیمنٹرینزکو بجلی کی چوری رکوانے پر آمادہ کیاجائےگا۔
وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے بجلی بقایاجات کی ادائیگی کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ معاہدہ کاکریڈٹ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کودیااور کہا کہ باقی ملک کے برعکس لوڈشیڈنگ میں خیبرپختونخوا کو خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔