20 مئی 2016
وقت اشاعت: 11:40
صدر اوباما آئندہ ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے
جیو نیوز - واشنگٹن..........امریکا کے صدر باراک اوباما آئندہ ماہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے، جمعہ کو وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر باراک اوباما 21 اپریل کو سعودی عرب جا رہے ہیں جہاں وہ خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
صدر اوباما اپنے سرکاری دورہ ریاض کے دوران اعلیٰ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات میں داعش سے پیدا شدہ خطرات اور مشرق وسطی کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر سعودی عرب سے اپنے وفد کے ساتھ برطانیہ جائیں گے جہاں وہ ونڈسر کاسل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے ساتھ نجی ظہرانے میں شریک ہوں گے اور ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
برطانیہ سے ان کی اگلی منزل جرمنی ہو گی جہاں جرمن چانسلر انجلا مرکل سے ملاقات کے علاوہ دنیا کے بڑے تجارتی میلے میں شرکت کریں گے۔