20 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:29
عراقی کابینہ کی بدعنوانیوں کے خلاف ہزاروں افرادکادھرنا
جیو نیوز - بغداد.........عراقی حکومت اور کابینہ کی بدعنوانیوں کے خلاف ، ملک کے بااثر شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے ہزاروں حامیوں نے جمعہ کو بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کی جانب مارچ کیا اور احتجاجاً دھرنا دیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق بغداد کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر گیارہ بجے کے قریب پولیس اہلکاروں نے گرین زون کی جانب جانے والے پل سے ایک طرف ہٹ گئے تھے اور انھوں نے مظاہرین کے لیڈروں کو آگے جانے کی اجازت دے دی تھی۔مظاہرین نے پل سے خاردار تاروں کو ہٹا دیا اور پھر وہ نماز جمعہ کے لیے گرین زون کے دروازوں کی جانب بڑھ گئے۔
مظاہرین بدعنوانیوں میں ملوث وزراء کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔قبل ازیں مقتدیٰ الصدر نے وزیراعظم حیدر العبادی اور بعض سیاست دانوں کی جانب سے گرین زون کے داخلی دروازوں پر دھرنا نہ دینے کی اپیل مسترد کردی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ وہ کرپشن کی آماجگاہ کے باہر دھرنا دینے کے لیے ضرور جائیں گے۔
بغداد کے اس قلعہ نما علاقے میں سرکاری دفاتر ،پارلیمان کی عمارت اور امریکا اور برطانیہ کے سفارت خانے ہیں۔مقتدیٰ الصدر نے گذشتہ ہفتے گرین زون کے باہر وزیراعظم حیدر العبادی پر کابینہ میں رد و بدل کے لیے دباوڈالنے کی غرض سے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔
انھوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بدعنوانیوں میں ملوّث وزراء کو ہٹا کر ایسے ٹیکنوکریٹس پر مشتمل کابینہ تشکیل دیں جن کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہ ہو۔