21 مئی 2016
وقت اشاعت: 23:19
بھارت:مویشیوں کے مسلمان تاجر وںکی ہلاکت پر کشیدگی
جیو نیوز - کراچی....جنگ ویب ڈیسک....بھارت کی مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ کے ایک گاؤں میں دو مویشی فروش مسلمانوں کی درختوں سے لٹکی لاشیں ملنے کے بعد سخت مذہبی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
تاجروں کی لاشیں لتہار ضلع کے جھبَر نامی علاقے سے ملی تھیں۔ مقامی پولیس سربراہ انوپ بیرتھارے کے مطابق دو مسلمانوں کی لاشیں مقامی دیہاتیوں کو ملی ہیں۔ ان میں سے ایک 32 سالہ مظلوم انصاری تھا، جب کے دوسرا 15 سالہ امتیاز خان تھا۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کا کہنا ہےکہ یہ دونوں افراد بھینسوں کو لیے ایک سالانہ مویشی میلے میں جا رہے تھے، جب مبینہ طور پر جانوروں کو مقدس ماننے اور ان کی نگہبانی کرنے والوں نے انہیں پہلے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان ہلاک ہو جانے پر ان کی لاشیں درختوں سے لٹکا دیں۔
پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کون تھے۔ لاشوں کے منہ میں کپڑا بھی ڈالا ہوا تھا اور ان کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے۔ ان کے جسموں پر تشدد کے نشانات ہیں اور زخم موجود ہیں۔
مقامی دیہاتیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس واقعے کی ذمہ داری ہندو انتہاپسندوں پر عائد کی ہے۔ان قاتلوں کو پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے اور وہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔
واقعے کے بعد جھبر گاؤں کے رہائشیوں نے قریبی ہائی وے بند کر دی اور واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔