22 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:41
جھاڑکھنڈ میں 2 مسلمانوں کے قتل میں ملوث 5 انتہا پسند گرفتار
جیو نیوز - جمشید پور......بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں 2 مسلمانوں کے قتل میں ملوث پانچ افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔ انتہا پسند ہندوؤں نے مویشیوں کی تجارت کرنے والے دو مسلمانوں کو بدترین تشدد کے بعد درخت سے لٹکا کر پھانسی دے دی تھی۔
بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں رہنے والے دونوں مسلمان نوجوانوں کو جنونی ہندوؤں نے پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر انکے ہاتھ کمر پر باندھ کر اور منہ میں کپڑا ٹھونس کر دونوں کو درخت سے لٹکا کر پھانسی دے دی۔
اس بار بھی مذہبی جنونی ہندوؤں کو محض شک تھا کہ دونوں مسلم نوجوان بھینسوں کو ذبح کرنے لے جارہے تھے۔ ضلع لتےہار کے پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
جھاڑکھنڈ کے گاؤں لتےہار میں پیش آئےافسوس ناک واقعے میں اس بار 35 سالہ محمد مظلوم اور محض 15 سال کا ابراہیم انتہا پسند ہندوؤں کی جنونیت کا شکار بنا۔ دونوں افراد کے قتل کے بعد لواحقین اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا، جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کی اور آنسو گیس پھینکی۔
جنونی ہندووّں نے اس سے پہلے ضلع دادری میں 50 سال کے شخص کو صرف اس شک کی بنا پر موت کے گھاٹ اتاردیا تھا کہ اس نے گائے کا گوشت کھایا تھا۔