تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 مئی 2016
وقت اشاعت: 20:2

خفیہ کیمروں کی تنصیب سے مسجد اقصیٰ محفوظ ہوگی،اردن

جیو نیوز - عمان ...........اردنی حکومت نے کہا ہے کہ بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے قبلہ اول اور وہاں پرموجود تمام اسلامی مقدسات کا دفاع سرخ لکیر کی حیثیت رکھتا ہے جسے اسرائیل کو عبور کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔

عمان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصی میں خفیہ کیمرے لگنے سے قبلہ اول محفوظ ہوگا اور اس کیساتھ ساتھ دوارب مسلمانوں کو بھی قبلہ اول کیخلاف ہونے والی اسرائیلی ریشہ دوانیوں سے آگاہی میں مدد ملے گی۔ان خیالا ت کا اظہار اردنی وزیر اطلاعات محمد المومنی نے ایک ٹی وی کو انٹرویو میں کیا ۔

انہوںنے کہا کہ بیت المقدس، مسجد اقصی، اسلامی مقدسات اور مسیحی برادری کے مقدس مقامات کے حوالے سے اردن کا موقف واضح ہے۔ ہم القدس شریف اور مسجد اقصی کے تقدس کو سرخ لکیر سمجھتے ہیں۔ اردنی حکومت بیت المقدس اور وہاں موجود تمام مقدس مقامات کے دفاع کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے گی۔

مسجد اقصی میں اسرائیلی کارروائیوں اور یہودیوں کی آمدو رفت پرنظر رکھنے کی غرض سے خفیہ کیمروں کی تنصیب کےحوالے سے انھوں نے کہا کہ یہودیوں کی ہر حرکت کو انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچایا جائے گا، کیمروں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک آپریشن کنٹرول روم قائم کیا جائے گا ۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس فلسطینی اتھارٹی، اسرائیل امریکا اور اردن کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مسجد اقصی میں یہودیوں کی آمد ورفت جاننے کے لیے خفیہ کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تما مگر کیمروں کے مقامات کے تعین میں اردن اور اسرائیل کی درمیان اختلافات رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.