تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:57

کیوبا ،امریکہ ڈاک تعلقات بحال،کیوبن خاتون کواوباما کا خط موصول

جیو نیوز - واشنگٹن.......کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 سال بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا ، ایک خاتون نے امریکی صدر اوباما کو کیوبا میں اپنے گھر مدعو کیا تھا جس کا جواب انھیں صدر کی جانب سے ملا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیوبا اور امریکہ کے درمیان 50 سال بعد براہ راست ڈاک رابطہ قائم ہو گیا ہے ۔76 سالہ الینا مز یرزا نے صدر اوباما کو فروری میں ایک خط لکھا تھا جس میں انھوں نے ہوانا میں اپنے گھر میں ’ایک پیالی کیوبن کافی‘ کے لیے صدر کو مدعو کیا تھا۔بدھ کو صدر نے اس کا جواب ارسال کیا جس میں انھوں نےخاتون کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ خط گذشتہ 50 سال میں امریکہ سے کیوبا پہنچنے والے خطوط کے پہلے بنڈل میں شامل تھا۔سرد جنگ کے عروج کے زمانے میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ڈاک کا نظام معطل کر دیا گیا تھا جس کا مطلب یہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان خط و کتاب دوسرے ممالک بطور خاص میکسیکو یا کینیڈا کے ذریعے ہوتی تھی۔

مز یرزا نے جب یہ سنا کہ امریکی صدر مارچ کے مہینے میں کیوبا کا دورہ کرنے والے ہیں تو انھوں نے 18 فروری کو ان کے نام ایک خط ارسال کیا جس میں لکھا تھا کہ ’کیوبا میں میں آپ سے ملنے کی جتنی مشتاق ہوں شاید کم ہی لوگ اتنے مشتاق ہوں گے۔صدر نے مز یرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ خط دونوں ممالک کے درمیان روشن مستقبل کے ایک نئے باب کی یاد دہانی کراتا ہے۔

دسمبر 2015 میں امریکہ اور کیوبا نے آپس میں ڈاک سروس بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ یہ فیصلہ صدر اوباما اور راؤل کاسترو کی جانب سے دونوں ممالک کے رشتوں کو استوار کرنے کے بعد کیے گئے تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.