24 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:39
موزمبیق سے ملنے والے ہوائی جہاز کے ٹکڑے آسٹریلیا منتقل
جیو نیوز - سڈنی..........موزمبیق کے ساحل سمندر سے ملنے والے ہوائی جہاز کے ملبے کے2 ٹکڑوں کو معائنے کے لیے آسٹریلیا منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک ملبے کا ٹکڑا امریکا کے ایک کھوجی کو فروری میں ملا اور دوسرا دسمبر میں جنوبی افریقہ کے ایک سیاح کو ملا۔
شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹکڑے حادثے کا شکار ہونے والی ملائیشین ائیرلائنز کی پرواز ،فلائٹ ایم ایچ 370 کے ہو سکتے ہیں۔ مارچ 2014 کو ملائشیا ایئر لائنز کی کوالالمپور سے بیجنگ جانے والی پرواز ایم ایچ 370 لاپتہ ہوگئی تھی، اس طیارے میں 239 مسافر سوار تھے۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں موزمبیق سے ملنے والے ملبے کے ٹکڑے مل گئے ہیں اور ملائیشیا کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کا ’قوی امکان ہے کہ موزمبیق سے ملنے والا ملبہ ملائشیا ایئرلائنز کی حادثے کا شکار ہونے والی پرواز فلائٹ ایم ایچ 370 کا ہے۔
آسٹریلیا کی سربراہی میں سمندر میں طیارہ کی تلاش جا ری ہے کیونکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثہ سمندر کے اس حصے میں ہوا ہے جوآسٹریلیا کے قریب ہے۔بوئنگ کے ماہرین تفتیشی کام میں مدد دے رہے ہیں۔
جس جگہ سے یہ ٹکڑا ملا ہے وہ ملبے کے سمندری بہائو کے ساتھ مماثلت رکھتا ہے جو یہ شاید دکھا پائے کہ ایم ایچ 370 سے ٹوٹے پھوٹے حصے کس جگہ سے آئے جس سے حادثے کی ممکنہ جگہ کی نشاندہی ہو سکتی ہے۔