24 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:55
17 یمنی یہودیوں کا گروپ خفیہ طریقے سے اسرائیل منتقل
جیو نیوز - صنعا..........عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 یمنی یہودیوں کا گروپ خفیہ طریقے سے اسرائیل منتقل ہوگیا۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے یمن میں باقی رہ جانے والے یہودیوں کے گروپ کو کامیابی سے نکال کر اسرائیل پہنچا دیا گیا ہے۔نمائندے کے مطابق یہ گروپ 17 افراد پر مشتمل ہے، تاہم صنعا میں ابھی چالیس یہودی باقی ہیں جنہوں نے اسرائیل ہجرت کے خیال کو مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایک بین الاقوامی نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یمن میں یہودیوں کے پرانے فرقے سے تعلق رکھنے والے چند خاندان ہی رہ گئے ہیں، تاہم یمن میں اقتدار پر حوثیوں کے قبضے کے بعد ان خاندانوں کے افراد جلد ہی ملک سے فرار اختیار کر سکتے ہیں۔
حوثی ملیشیا سے وابستہ افراد، امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت جذبات رکھتے ہیں، لہذا حوثیوں کے طاقتور ہونے کے بعد گزشتہ چند سالوں میں یہودیوں کی اکثریت شمالی یمن میں ان پہاڑی علاقوں کو چھوڑ کر جانے پر مجبور ہو گئی جہاں وہ سیکڑوں سالوں سے مسلمانوں کے ساتھ مل کر رہ رہے تھے۔