24 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:49
شمالی کوریا ایک اور جوہری تجربہ کرسکتا ہے،جنوبی کوریا
جیو نیوز - سیؤل.......... جنوبی کوریا کے حکام نے کہا ہے کہ شمالی کوریا بین الاقوامی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کسی بھی وقت ایک اور جوہری تجربہ کرسکتا ہے اور جنوبی کوریا اس کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے گزشتہ جمعہ کو دو بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کئے اور ایک امریکی تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری تجربات کے مرکز پر ایک بارپھر سرگرمیاں جاری ہیں اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی دھمکی کے مطابق کسی بھی وقت نیا جوہری تجربہ کیا جاسکتا ہے۔
دونوں کوریاؤں کے درمیان اتحاد کے لئے جنوبی کوریا کی وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ شمالی کوریا کسی بھی وقت نیا جوہری تجربہ کرسکتا ہے اور ان کا ملک اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما امریکا اور جنوبی کوریا کی جاری مشترکہ فوجی مشقوں کے ردعمل میں جوہری اور میزائل تجربات جاری رکھنے کی دھمکیاں پہلے ہی دے چکے ہیں۔
دریں اثناءجنوبی کوریا میں مختلف تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی حکومت کے خلاف لاکھوں پمفلٹ شمالی کوریا کے سرحدی علاقوں میں گرائیں گے اس اعلان سے دونوں کو ریاؤں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔