24 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:9
حزب اللہ سے تعلق:کویت سے گیارہ لبنانی اور تین عراقی بے دخل
جیو نیوز - کویت سٹی..........کویت نے شیعہ ملیشیا حزب اللہ سے تعلق کے الزام میں گیارہ لبنانی اور تین عراقی شہریوں کو بے دخل کردیا ۔
کویتی اخبار کے مطابق سکیورٹی حکام نے پیر کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ ان چودہ افراد کو اسٹیٹ سکیورٹی سروس کی درخواست پر بے دخل کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔اخبار کے مطابق کویت کے اسٹیٹ سکیورٹی ادارے نے غیر مطلوب لبنانیوں اور عراقیوں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔
ان میں بعض بڑی کمپنیوں کے مشیر بھی شامل ہیں اور انھیںعوامی مفاد میں ریاست سے بے دخل کردیا جائے گا۔کویت خلیج تعاون کونسل کا رکن ملک ہے۔اس تنظیم نے 2 مارچ کو حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ جی سی سی نے پہلے ہی 2013ء سے حزب اللہ پر پابندیاں عاید کررکھی ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب نے حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے کر اسے بلیک لسٹ کردیا تھا۔اس کو شام میں جاری لڑائی میں کردار ،عرب ممالک میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل کے خلاف مذموم میڈیا مہم برپا کرنے کی بنا پر دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔