24 مئی 2016
وقت اشاعت: 14:46
نجی مقامات پر فحش حرکتیں کرنا جرم نہیں، بھارتی عدالت
جیو نیوز - ممبئی .......... ممبئی ہائی کورٹ نے نجی مقامات پر فحش حرکتیں کرنے کو جرم ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی مقامات پر فحش حرکتیں کرنا تعزیرات ہند کی دفعہ 294 کے تحت جرم نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائیکورٹ نے اپنے تاریخی فیصلے میں کہا ہے کہ نجی مقام پر فحش حرکتیں کرنا جرم نہیں ہے۔ ممبئی ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ رقص، شراب نوشی اور خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کے ایک مقدمہ میں سنایا۔ عدالت نے اس کیس میں ملوث 13 افراد کیخلاف یہ مقدمہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا ۔
ممبئی ہائیکورٹ میں دائر درخواست کے مطابق 12 دسمبر 2015ءکو اندھیری نامی علاقہ میں واقع ایک بلڈنگ میں چھ خواتین قابل اعتراض لباس پہن کر رقص کر رہی تھیں جبکہ وہاں موجود 13 افراد شراب نوشی میں مصروف تھے اور رقاصائوں پر نوٹ نچھاور کر رہے تھے۔
جس پر پڑوسیوں کی شکایت پر پولیس نے چھاپہ مار کر رقص وسرودکی محفل میں موجود 13 مرد وخواتین کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کے بعد ملزمان نے ممبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نجی گھر میں نازیبا حرکات کرنا یا بیہودہ کلمات ادا کرنا عوامی مقامات پر فحش حرکات کرنے کے مترادف نہیں ہے۔
لہذا پولیس کی جانب سے دائر مقدمہ غیر قانونی ہے۔ممبئی ہائیکورٹ کے جسٹس پاٹل اور جسٹس اے ایم بدر پر مشتعمل دو رکنی بنچ نے عرض گزار کے وکیل سے اتفاق کرتے ہوئے انکے حق میں فیصلہ دیدیا۔