تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:6

ایپل کی مدد کے بغیر بھی فون ان لاک کرسکتے ہیں،ایف بی آئی

جیو نیوز - نیویارک.....امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کہا ہے کہ وہ ایپل کی مدد کے بغیر سان برناڈینو کے حملہ آور کے آئی فون کو ان لاک کر سکتے ہیں،ایپل نے تصدیق کی ہے کہ امریکی محکم انصاف کی درخواست پر مقدمے کی سماعت معطل کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکم انصاف نے سان برناڈینو میں فائرنگ کرنے والے مسلح حملہ آور رضوان فاروق کے زیر استعمال آئی فون کو ان لاک کرنے کے لیے ایپل سے مدد کے لیے کہا تھالیکن ایپل کا کہنا تھا کہ اس حکم پر عمل پیرا ہونے سے ایک خطرناک روایت قائم ہو گی۔

گذشتہ سال دسمبر میں ریاست کیلفورنیا کے علاقے سان برناڈینو میں رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ نے فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ دنوں بھی مارے گئے تھے۔

استغاثہ نے کہا ہے کہ بیرونی فریق نے ایپل کی مدد کے بغیر آئی فون کو ان لاک کرنے کے بارے میں بتایا ہے۔ عدالت کو فراہم کی گئی معلومات میں استغاثہ نے کہا کہ تجربے سے پتہ چلے گا کہ فاروق کے آئی فون کے ڈیٹا کو ضیاع سے بچانے کا یہ صحیح طریقہ ہے۔ اگر یہ کارگر ثابت ہوتا ہے تو پھر ایپل کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

ادھر امریکی محکمہ انصاف کے ترجمان ملین نیومین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت محتاط طور پر پرامید ہے آئی فون کو ممکنہ آن لاک کرنے کا طریقہ کامیاب ہو جائے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ پانچ اپریل کو اس بارے میں عدالت کو ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریگی۔ ایپل کے وکیل نے صحافیوں کو بات چیت میں بتایا کہ اپیل کمپنی کو اس بارے میں کچھ بھی نہیں معلوم ہے کہ آیا ایف بی آئی آئی فون کو کھولنے کے لیے کیا طریقہ کار ہوسکتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ جس طریقہ کار کو وہ اپنانا چاہتی ہے اس عمل میں اگر کوئی مشکل پیش آئی تو اس کے بارے میں ایپل کو مطلع کیا جائے گا۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ فاروق کے فون میں اہم شواہد ہو سکتے ہیں جس تک رسائی مل سکتی ہے لیکن درست پاس ورڈ کی مدد سے ہی اسے ان لاک کیا جا سکتا ہے، بار بار غلط کوڈ ڈال کر فون کھولنے کی کوشش سے اس میں موجود ڈیٹا ختم ہو سکتا ہے۔ اس لیے ایف بی آئی نے ایپل سے مدد طلب کی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.