25 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:31
برسلز دھماکوں سے گونج اٹھا، 7 دھماکوں میں 34 افراد ہلاک
جیو نیوز - برسلز......بیلجیئم کا دارالحکومت برسلز دھماکوں سے گونج اٹھا ، ائیر پورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں دو دھماکے ہوئے، اس کے بعد میٹرو اسٹیشن کے قریب چار دھماکے ہوئے،، اسی پر بس نہیں ہوا ، صدارتی محل کے قریب ساتویں دھماکے کے بعد شہر میں دھماکوں سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہو گئی۔
منگل کی صبح برسلز کے شہریوں کے لیے خوفناک تباہی لے کرآئی ، جب برسلز ائیر پورٹ زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ بیلجیئم کےدارالحکومت برسلزکے زیونتم ائیرپورٹ پرعینی شاہدین کے مطابق صبح آٹھ بجے پہلا دھماکا ہوا اور پھر فوراً ہی دوسرا دھماکا ہوگیا، دونوں دھماکے کئی جانیں لے گئے،درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد ائیر پورٹ پر موجود مسافراوردیگرافراد خوف زدہ ہوکر سرپٹ دوڑ پڑے۔
دھماکے برسلز ایئرپورٹ ڈیپارچرہال میں امریکن ائیرلائنزڈیسک کے قریب ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکوں سے قبل فائرنگ بھی کی گئی اور ایک شخص عربی زبان میں چیختا ہوا سنا گیا۔ برسلز ایئرپورٹ سے مزید کئی بم اور تین خود کش بیلٹ بھی برآمد ہوئے۔
ابھی ایک گھنٹہ بھی نہ گزرا تھا کہ برسلز کا میٹرو اسٹیشن یکے بعد دیگرے چار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ ایئر پورٹ اور میٹر و اسٹیشنز پر 6 دھماکوں کےبعد صدارتی محل کے قریب ایک اور دھماکا ہوا۔ دھماکوں کے بعد برسلزایئرپورٹ کی عمارت خالی کراکے عارضی طورپربند کردی گئی۔ ایئرپورٹ جانے والی ٹرین سروس معطل اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کردی گئی۔ دھماکوں کے بعد برسلزایئرپورٹ پرآنے والی تمام پروازوں کا رخ موڑدیا گیا۔
برسلز دھماکے پیرس حملوں کے اہم ملزم صالح عبدالسلام کی گرفتاری کے چار روزبعد ہوئے ہیں۔ ائیرپورٹ اورمیٹرودھماکوں کےبعد بیلجیئم میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ۔