تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:21

برسلز میں 7 دھماکے، 37 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

جیو نیوز - برسلز......پیرس حملوں کے 4 ماہ بعد دہشت گردوں نے یورپ کے دل پر وار کردیا،بیلجیئم کا دارالحکومت برسلز ڈیڑھ سے دو گھنٹوں میں 7 دھماکوں سے گونج اٹھا،ایئرپورٹ اور زیرزمین ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکوں میں 37 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، دوسو کے قریب زخمی ہیں۔

13 نومبر 2 ہزار 15 کو خوشبوئوں کے شہر پیرس میں دہشت گردی کا زہر گھولنے والوں نے اب یورپ کے دل کو اپنی نفرت کا نشانہ بنایا،بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کو ایک دو نہیں بلکہ یکے بعد دیگرے 7 دھماکوں نے لرزا دیا۔

دہشت گردوں نے سب سے پہلے صبح 8 بجے برسلز کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کیا،حیران کن طور پر حملہ آور نہ صرف ائیرپورٹ کے اندر داخل ہوگئے بلکہ امریکی ائیرلائنز کے ڈیپارچر لائونج تک پہنچنے میں بھی کامیاب ہوگئے اور پھر زیونٹم ائیرپورٹ پہلے گولیوں کی آوازوں اور پھر 2 دھماکوں سے گونج اٹھا۔

ایک حملہ آور نے امریکن ائیرلائنز کے چیک ان کائونٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا اور دوسرا دھماکا ڈیپارچر لائونج کی کافی شاپ کے قریب ہوا،دھماکوں کے فوراً بعد ڈیپارچر لائونج کی عمارت گردوغبار کے دھویں اور بارود کی بو کی نذر ہوگئی، چند سیکنڈز کے وقفے کے بعد ہر طرف مدد کے لیے زخمیوں کی چیخ وپکار اور موت کے سامنے زندگی بچانے کی تگ ودو تھی۔

ابھی ائیرپورٹ دھماکوں کی گونج ختم نہ ہوئی تھی کہ ایک گھنٹے بعد شہر کے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر موت کا وحشیانہ رقص دیکھنے کو ملا، میل بیک کے میٹرواسٹیشن کو اس وقت چار بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا جب مسافروں سے بھری ایک ٹرین روانگی کے لیے تیار تھی۔

دھماکوں کے فوراً بعد انڈرگرائونڈ اسٹیشن میں تاریکی پھیل گئی،جس سے ابتدائی طور پر امدادی آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،بعض مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ٹرین سے باہر نکالا۔دوسری جانب ایئرپورٹ کے سرچ آپریشن کے دوران لائونج سے 3 خود کش بیلٹس اور رن وے سے ایک اور بم بھی ملا جسے بعد میں ناکارہ بنادیا گیا۔

بیلجیئم کے دارالحکومت کو ایک ایسے وقت میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جب پیرس حملوں میں ملوث صالح عبدالسلام کو گرفتار کرکے اس سے فرانس کے دارالحکومت میں دہشت گردی کے بارے میں تفتیش کی جارہی تھی، جس میں 129 افراد سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.