25 مئی 2016
وقت اشاعت: 14:9
عالمی رہنمائوں کا برسلز حملوں پر سخت تشویش کا اظہار
جیو نیوز - برسلز......عالمی رہنمائوں نے برسلز حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیلجیئم کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جس کا خدشہ تھا، وہی ہوا۔
برسلز حملوں پر عالمی برادری کی جانب سے شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بیلجیئم کے وزیر اعظم نے آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس کا خدشہ تھا وہی ہوا، شہرمیں اندھا دھند حملے کیے گئے،قوم پر برا وقت ہے اور یک جہتی کی ضرورت ہے۔
کچھ ماہ پہلے دہشت گردی کا شکار ہونے والے ملک فرانس کے صدر اولاند نے کہا کہ بیلجیئم پر حملے کا ہدف پورا یورپ ہے، پوری دنیا کو اس پر تشویش ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ٹھنڈے دماغ سے طویل مدتی بنیادوں پر لڑنا ہوگی۔
امریکی صدر بارک اوباما نےبرسلز کے عوام سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ حملوں کے ذمےداروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے جو ہو سکا کریں گے ۔ اوباما نے کہا کہ ان کی دعائیں اور ہمدردیاں ہلاک افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
پوپ فرانسس نے بھی برسلز دھماکوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ روس ، ترکی ،جرمنی ، جاپان ،اٹلی اور آئرلینڈ نے بھی حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔